کمٹہ:28/ اکتوبر (ایس اؤنیوز)نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کی کمٹہ تعلقہ یونٹ کی جانب سے تعلیمی میدان میں امتیازی نمبرات سے کامیاب اور بہترین کارکردگی پر شہر کمٹہ اور دیہی طلبا کے اعزاز میں 28اکتوبر بروز سنیچر کو آئیڈیل ہائی اسکول میں ایوارڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اعزازی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔ محمد وسید شیخ نے ہدیہ نعت پیش کی۔ کمٹہ یونٹ کے سکریٹری جناب علی دمکر نے استقبال کرتے ہوئے فورم کے رپورٹ کی خواندگی کی۔ تقریب میں قریب 13باصلاحیت طلبا کو انعام میں نقد رقم اور سند عطاکرتےہوئے انہیں عزت بخشی گئی ۔
پروگرام میں کمٹہ یوتھ کانگریس لیڈر روی کمار شٹی نے بطورمہمان ِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی پیش کرنےو الے طلبا کی تہنیت ، ہمت افزائی ،حوصلہ افزائی کے پروگرامو ں انعقاد یقیناً قابل ِ ستائش ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر سرکاری اسکیموں سے مدد کرنے میں تعاون پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس کے علاوہ بھی متوفی موہن شٹی ٹرسٹ کمٹہ کے ذریعے امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
فورم کے ضلع جنرل سکریٹری محمد محسن قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقامی مسلمانوں کے لئے یہ فخریہ تقریب ہے جہاں مسلم طبقہ کے ہونہار طلبا کو ان کی تعلیمی ترقی پر ایوارڈ سے نوازا جارہاہے۔ انہوںنے کمٹہ شہر کے 18-20طلبا انجنیئرنگ میں زیر تعلیم ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کمٹہ کے مسلمانوں کے لئے یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کمٹہ فورم کے صدر کی کاوشوں کا ذکر خیر کرتےہوئے ان کی ستائش کی۔ اس موقع پر فورم کے ضلعی صدر امتیاز عمر شیخ ، تعلقہ صدر محمد اکبر ملا نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈائس پر جماعت المسلمین کمٹہ کے صدر محمد شفیع شیخ، ناخدا ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر ابوصالح باوا ملا موجود تھے۔ زاہد سارنگ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ پروگرام میں بستی عبدالملک ، علی شیخ جعفر صاحب وغیرہ موجود تھے۔